کولکاتہ، 23 نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ریزرو بینک اور دیگر بینکوں کےحکام نے آج مغربی بنگال حکومت کو مطلع کیا کہ پوری ریاست میں تمام اے ٹی ایم کو نئی کرنسی کے موافق بنانے میں اور 10دن لگیں گے اور ابھی تک نئے کرنسی نوٹوں کیلئے صرف30فیصد اے ٹی ایم میں تبدیلی کی گئی ہے۔جبکہ وزیراعظم نے آٹھ نومبرکواپنے اعلان میں کہاتھاکہ دودن کے بعداے ٹی ایم سے پیسے نکالے جاسکیں گے حالانکہ پندرہ دنوں کے بعد بھی صورتحال جوں کی توں بنی ہوئی ہے۔ چیف سکریٹری باسدیب بنرجی نے یہاں آر بی آئی اورسینئربینک حکام کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ کی۔ سرکاری ذرائع نے کہاکہ پوری صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے اور چیزیں عام نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے معلومات دیں کہ زرعی شعبے خاص طور پر آلوکے کسانوں کو نقد رقم کی قلت کی وجہ سے شدید بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع نے کہاکہ دیہی علاقوں میں مسائل آ رہے ہیں۔یہ معلومات مرکزی حکومت کے افسران کی ایک ٹیم کی طرف سے دی گئیں جس نے ہگلی، بردوان اور دیگر اضلاع کا دورہ کیاتھا۔ ہمارا زور خاص طورسے500روپے کے نوٹوں کو جاری کرنے پر تھا جن کی فراہمی بہت کم ہے۔میٹنگ میں ریجنل ڈائریکٹر لائن واریر، آر بی آئی میں کرنسی کی ترسیل کے چیف جنرل جی این رتھ، یوبی آئی، الہ آباد بینک اور یوکو بینک کے صدر اورانتظام ڈائریکٹر،دیگربینکوں کے افسران، نابارڈ کے علاقائی ڈائریکٹر اور ریاستی حکومت کے افسر شامل ہوئے۔